Saturday - 2018 july 21
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 183751
Published : 13/10/2016 17:5

شرائع الاسلام فی مسائل الحلال و الحرام

شرائع الاسلام اسلامی احکام کا مکمل نصاب ہے جو حلال اور حرام سے متعلق 12000 مسائل اور تمام فقہی ابواب پر مشتمل ہے۔

ولایت پورٹل:
شَرائعُ الإسلام فی مسائل الحَلال و الحَرام المعروف بہ شرائع امامیہ کی فقہی تالیفات میں سے ایک ہے جس کے مؤلف«ابو القاسم نجم الدین جعفر بن حسن ہُذلى، المعروف بہ محقق حلی یا محقق اول»(متوفی سن 676ھجری) ہیں،یہ کتاب اپنی تألیف سے آج تک شیعہ فقہاء کی توجہ کا محور رہی ہے اور قدیم الایام سے حوزات علمیہ کے درسی متون میں شامل ہے،محقق نے اس کتاب میں فقہی فصول کو چار حصوں:«عبادات،ایقاعات،عقود اور احکام»، میں مرتب کیا ہے۔
شرائع الاسلام اسلامی احکام کا مکمل نصاب ہے جو حلال اور حرام سے متعلق 12000 مسائل اور تمام فقہی ابواب پر مشتمل ہے۔
یہ کتاب بہترین فقہی متون میں سے ہے جو اپنی تألیف کے وقت سے اب تک فقہاء کی توجہ کا مرکز رہی ہے اور کئی صدیوں کے دوران (یعنی سنہ 750ہجری قمری سے لے کر اب تک) زیر بحث اور حوزات علمیہ کے درسی متون میں سے ایک ہے۔
محقق حلی نے یہ کتاب سنہ 670ہجری قمری میں اپنے شاگر محمد بن محمد یا محمد بن محمود زاہدی خیاط حلبی کی تجویز پر تالیف کی ہے،کتاب شرائع الاسلام اپنی خصوصیات کی بنا پر کئی صدیوں سے اکابرین فقہاء کی توجہ خاصہ کا مرکز و محور ہے،اس کی عبارتیں واضح ہیں، معانی کی تفہیم میں دقّت نظر سے کام لیا گیا ہے، الفاظ کے استعمال میں اختصار کو ملحوظ رکھا گیا ہے، مباحث کو بےمثل انداز سے پیش کیا گیا ہے، افکار و نظریات میں دیانتداری کو مطمع نظر رکھا گیا ہے اور ان اوصاف نے اس کتاب کو دوسری فقہی کتب سے ممتاز کردیا ہے۔
اس کتاب کی دوسری خصوصیات میں اس پر بکثرت لکھی گئی شرحیں،تعلیقات اور حواشی ہیں۔
کتاب شرائع الاسلام کو چار ذیل کے الگ الگ ابواب میں مرتب کیا گیا ہے:
1۔عبادات: یہ باب 10 کتابوں پر مشتمل ہے: طہارت، صلٰوة، زکٰوة، خمس، صوم، اعتکاف، حج، عمرہ، جهاد، امر بالمعروف اور نهی عن المنکر۔
عقود: یہ باب 18 کتابوں پر مشتمل ہے: تجارت، رهن، افلاس، حجر، ضمان ـ جو حوالہ اور کفالت پر بھی مشتمل ہے، صلح، شرکت، مضاربہ، مزارعہ،مساقات، ودیعہ، عاریہ، اجارہ، وکالت، وقف، ہبہ، سَبق و رمایہ، وصیت و نکاح۔
ایقاعات: یہ باب 10 کتابوں پر مشتمل ہے: طلاق، ظهار، ایلاء و لعان، عتق، تدبیر، مکاتبة، استیلا، اقرار، جعالة، ایمان و نذر۔
احکام: یہ 12 کتابوں میں پر مشتمل ہے: صید و ذباحة، اطعمة و اشربة، غصب، شفعة، احیائے موات، لقطة، فرائض، قضا، شهادات، حدود و تعزیرات و قصاص و دیات۔
محقق حلی نے کتاب کی عام تقسیم بندی کے علاوہ ہر باب کے آغاز میں بالترتیب واجب احکام، مستحب احکام، مکروہات اور آخر میں محرمات ذکر کئے ہیں۔
شرحیں:
اگرچہ شرائع کی شرحیں متعدد ہیں اور ان کی تعداد 100 تک پہنچتی ہے، تاہم اہم ترین شرحوں کے عناوین حسب ذیل ہیں:
1۔مسالک الافہام الى شرائع الاسلام، تألیف: شیخ زین الدین بن على عاملى المعروف بہ شھید ثانی (متوفی سن 966ھجری )۔
2۔مدارک الاحكام فی شرح شرائع الاسلام، تألیف: سید شمس الدین محمد بن علی موسوی عاملی المعروف بہ صاحب مدارک (متوفی سن 946ھجری)۔
3۔جواہر الکلام فی شرح شرائع الاسلام، تألیف:شیخ محمد حسن بن شیخ باقر نجفى المعروف بہ صاحب جواہر (متوفی سنہ 1261ھجری قمری)۔
4۔مصباح الفقیه فی شرح شرائع الاسلام، تألیف: حاج آقا رضا ہمدانى (متوفی سن 1322ھجری)۔
5۔شرح الشرائع، تألیف میرزا حبیب اللّه بن محمد دشتی (متوفی 1312ھجری)۔
6۔دلائل الأحکام، تألیف سید ابراهیم بن محمد باقر موسوى قزوینى، صاحب كتاب الضوابط (متوفای 1262ھجری )۔
7۔مصابیح الظلام فی شرح مفاتیح شرائع الاسلام، تألیف سید عبد الله شبر (متوفی 1242ھجری )۔
8۔شرح الشرائع، تألیف سید رضا بن سید مهدی بحرالعلوم طباطبایى نجفى (متوفی سن 1212ھجری)۔
9۔سبل السلام فی شرح شرائع الاسلام، تألیف شیخ محمد رفیع بن عبد المحمد كرازى نجفى (متوفی سن 1300ھجری )۔
10۔شرح شرائع، تالیف: مجلسی اول کے داماد میرزا محمد بن حسن مدقق شیروانی۔
11۔تقریر الحرام فی شرح شرائع الاسلام، تألیف: ملا محمد علی بن ملا حسین تستری.
12۔جامع الجوامع، تألیف: سید حسن بن سید محسن اعرجى كاظمى۔
13۔شرح شرائع، تألیف: محمد باقر یزدى حائری (متوفی قبل از سن 1056ہجری قمری)، یہ کتاب ان کے استاد فاضل اردكانی (متوفی سن 1302ھجری ) کی تقریرات پر مشتمل ہے۔
14۔ہدایۃ الانام فی شرح شرائع الاسلام، تألیف: شیخ محمد حسین بن هاشم عاملى كاظمى (متوفی 1308 )۔
14۔مبانى جعفریہ یا شرح شرائع، تألیف: شیخ جعفر بن شیخ عبد الحسین آل شیخ راضى نجفى (متوفی سن 1344ھجری )۔
15۔شوارع الاعلام فی شرح شرائع الاسلام، تألیف: سید محمد حسین بن محمد علی شھرستانی (متوفی سن 1315ھجری)۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Saturday - 2018 july 21