Tuesday - 2018 August 14
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 190728
Published : 4/12/2017 18:19

دیگر آئمہ(ع) کی طرح امام صادق(ع) کی دعوت کا محور بھی مسئلہ امامت تھا:رہبر انقلاب

امام(ع) امامت کی تبلیغ اور اشاعت کے موقع پر اپنے آپ کو جدوجہد کے ایک ایسے مرحلہ میں دیکھتے تھے کہ براہِ راست اور صراحت کے ساتھ حکمرانِ وقت کی نفی کریں اور لوگوں کے سامنے اپنے آپ کو ولایت اور امامت کے حقیقی حق دار کے طور پر متعارف کرائیں۔ اور قاعدتاً یہ عمل فقط اسی وقت انجام پاتا ہے جب مبارزہ کے تمام مراحل کامیابی کے ساتھ طے کر لئے گئے ہوں۔


ولایت پورٹل:دوسرے ائمہ(ع)کی مانند امام صادق(ع) نے بھی اپنی دعوت کا نمایاں محور امامت کے موضوع کو قرار دیا تھا،اس حقیقت کو ثابت کرنے کے لئے واضح ترین ثبوت وہ کثیر روایات ہیں جو امام کی زبانی امامت کے دعویٰ کو پوری وضاحت اور صراحت کے ساتھ بیان کرتی ہیں۔
امام(ع) اس نکتہ کی تبلیغ اور اشاعت کے موقع پر اپنے آپ کو جدوجہد کے ایک ایسے مرحلہ میں دیکھتے تھے کہ براہِ راست اور صراحت کے ساتھ حکمرانِ وقت کی نفی کریں اور لوگوں کے سامنے اپنے آپ کو ولایت اور امامت کے حقیقی حق دار کے طور پر متعارف کرائیں۔ اور قاعدتاً یہ عمل فقط اسی وقت انجام پاتا ہے جب مبارزہ کے تمام مراحل کامیابی کے ساتھ طے کر لئے گئے ہوں،چنانچہ ایک وسیع طبقہ میں سیاسی اور اجتماعی شعور پیدا ہوگیا ہو، ہر جگہ بالقوہ (Potentially) آمادگی کا احساس ہوتا ہو، نظریاتی میدان میں ایک قابل توجہ گروہ ایجاد ہوچکا ہو، حق اور عدل کی حکومت کا لازمی ہونا ایک کثیر تعداد کے لئے ثابت ہوچکا ہو اور بالآخر یہ کہ رہبر نے آخری جنگ کے لئے مصمم ارادہ کر لیا ہو۔ ان تمام باتوں کے بغیر معاشرے کے لئے ایک برحق امام اور حکمران کے طور پر ایک معین شخص کا نام پیش کرنا جلد بازی پر مبنی اور بے فائدہ کام ہوگا۔
ایک اور نکتہ جس پر توجہ دی جانی چاہیئے وہ یہ ہے کہ مختلف مواقع پر امام(ع) اس بات پر اکتفا نہیں کرتے کہ امامت کو صرف اپنے لئے ثابت کریں بلکہ اپنے نام کے ساتھ ساتھ آئمہ برحق اور اپنے گذشتہ اسلاف کابھی ذکر کیا کرتے تھے اور درحقیقت اہلِ بیت کی امامت کے سلسلہ کو متصل اور ناقابل جدائی انداز سے پیش کیا کرتے تھے۔ یہ عمل، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ شیعی فکر تمام گزشتہ غیر مستحق حکمرانوں کی مذمت کیا کرتی تھی اور انہیں طاغوت قرار دیتی تھی، اُس زمانے کے شیعوں کے جہاد کو گزشتہ زمانے کے جہاد کے ساتھ پیوستہ ہونے کی جانب اشارہ قرار دیا جاسکتا ہے،درحقیقت امام صادق(ع) اس بیان کے ذریعہ اپنی امامت کو ایک لازمی نتیجہ کے طور پر شمار کرتے ہیں جو گزشتہ ائمہ کی امامت پر مترتب ہے اور اسے بے بنیاد اور بے اساس ہونے کی حالت سے باہر نکالتے ہیں اور اپنے سلسلہ کو ایک قابل اطمینان اور ناقابل شک و تردید زنجیر کے ساتھ پیغمبر اسلام(ص) سے متصل کر دیتے ہیں۔

 


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Tuesday - 2018 August 14