Thursday - 2018 August 16
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 78091
Published : 6/7/2015 13:32

عراق: صدر اور اسپیکر البدر تنظیم کے حامی

عراقی صدر اور عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے میں البدر تنظیم کے مؤثر کردار کو سراہا ہے۔ العراقیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر فواد معصوم نے البدر تنظیم کے چونتیسویں یوم قیام کی تقریب میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف البدر تنظیم اور عوامی رضاکار فورس کے مؤثر اقدامات کا خیرمقدم کیا۔ فواد معصوم نے کہا کہ تمام عراقی گروہ، ملک کی موجودہ صورتحال سے واقف ہیں اور وہ، دہشت گردی کے خلاف مہم اور دیگر مسائل میں مکمل متحد ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے بھی اپنی تقریر میں دہشت گردوں کے مقابلے میں البدر تنظیم کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔ سلیم الجبوری نے کہا کہ دہشت گردی اپنے وحشیانہ اقدامات اور خونخواری کی وجہ سے ایک وحشی طاقت بنی ہوئی ہے تاہم عراقی عوام بھی امن، بھائی چارے، محبت اور اتحاد کے ذریعے دہشت گردی کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ اس وقت عراقی عوام اپنی عزت و وقار اور مستقبل کا دفاع کر رہے ہیں۔ البدر تنظیم کے چونتیسویں یوم قیام کے موقع پر اس تنظیم کے سربراہ ہادی العامری نے اپنی تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ عوامی فورس، عراق کی مسلح افواج کی زیر قیادت سرگرم عمل ہے اور اس کی جانب سے اس وقت تک کوئی کاروائی انجام نہیں دی جاتی جب تک کہ قیادت اس کی تائید نہ کر دے۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Thursday - 2018 August 16