شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام میں ہیومن رائٹس واچ کے سربراہ رامی عبداللہ نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں نے شہر حلب کے تاریخی قلعے کے ایک حصے کو ڈھا دیا ہے۔ یہ قلعہ شہر حلب کے آثار قدیمہ میں شمار ہوتا ہے اور اسے اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونیسکو نے آثار قدیمہ کی فہرست میں رجسٹرڈ کیا ہے۔ تکفیری دہشت گردوں نے اس قلعے کے نیچے ایک سرنگ میں دھماکہ کر کے اسے تباہ کر دیا۔ حلب کا قلعہ تیرہویں صدی عیسوی میں بنایا گیا تھا اور شام کے اہم آثار قدیمہ میں اس کا شمار ہوتا تھا۔ واضح رہے کہ حلب کا قلعہ تباہ کرنے سے پہلے حالیہ برسوں میں تکفیری دہشت گردوں نے شام کی بعض تاریخی اور قدیمی عمارتیں تباہ کی ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ چار برسوں میں دہشت گرد گروہوں نے شام میں تین سو سے زائد تاریخی اشیاء اور عمارتوں کو تباہ کیا ہے اور اس سرزمین کی تاریخی میراث یعنی نوادرات کو لوٹ کر لے گئے ہیں۔