Wed - 2018 Sep 19
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 78808
Published : 15/7/2015 18:53

جوہری مذاکرات، مختلف ممالک کی جانب سے مبارک باد

ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کی کامیابی کا دنیا کے مختلف ممالک نے خیر مقدم کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کو مبارک باد پیش کی ہے- ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سورپ نے ایک بیان میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کی کامیابی کو ایک خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نے ہمیشہ اعلان کیا ہے کہ ایران کے جوہری مسئلے کو پرامن طریقے سے صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے اور پرامن جوہری توانائی کا استعمال ایران کا قانونی حق ہے- ہندوستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے جوہری مذاکرات کی کامیابی کا خیر مقدم کیا اور ایران کی حکومت اور قوم کو مبارک باد پیش کی- پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی جوہری مذاکرات کی کامیابی کی قدردانی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں ایران اور پاکستان کے تعلقات اور تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہوگا- شام کے صدر بشار اسد نے بھی ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی- لبنان کی حکومت نے بھی اس کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور قوم کو مبارک باد پیش کی ہے- عراق کے صدر فواد معصوم اور وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی رہبر انقلاب اسلامی اور صدر مملکت کے نام مبارک باد کے پیغامات میں امید ظاہر کی ہے کہ یہ کامیابی علاقے سے جنگ و جارحیت کے خاتمے اور مسائل و مشکلات کے حل میں ممد و معاون ثابت ہوگی- جوہری مذاکرات کی کامیابی پر امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں مبارک باد پیش کی ہے- مصر کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کے کامیاب اختتام کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کامیابی علاقائی مسائل و مشکلات کے حل میں مددگار ثابت ہوگی- افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے بھی ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور قوم کو مبارک باد پیش کی ہے- آرمینیا جاپان اور مختلف دیگر ممالک نے بھی جوہری مذاکرات کی کامیابی کو تاریخی اور علاقائی اور عالمی سطح پر قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیا ہے- نیٹو کے سکریٹری جنرل نے بھی جوہری مذاکرات کی کامیابی کو ایک تاریخی پیشرفت سے تعبیر کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر امن کے فروغ کا باعث قرار دیا ہے- واضح رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے بائیس ماہ کے اہم، سنجیدہ اور دشوار مذاکرات کے بعد منگل کے روز جوہری مذاکرات کو کامیاب بنا کر ایک اہم تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے جو نہ صرف ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے بلکہ ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کا بھی باعث بنے گا-


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Wed - 2018 Sep 19