Saturday - 2018 Dec 15
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 85800
Published : 21/10/2015 14:14

عراق: داعش کو ایک اور شکست، صوبہ صلاح الدین کے وسیع علاقے کی آزادی

عراقی فوج نے صوبہ صلاح الدین کے وسیع علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

عراق کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ صلاح الدین کے اسٹریٹیجک شہر بیجی کو داعش سے مکمل طور پر آزاد کرانے کے بعد اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہےکہ شہری بیجی کےبعد صوبہ صلاح الدین کا وسیع علاقہ داعش کے قـبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔
عراق کی سومریہ نیوز ایجنسی کے مطابق عراق کی عوامی رضاکارفورس امام علی بریگیڈ نے منگل کے روز ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کا شمالی شہر بیجی داعش سے پوری طرح آزاد کرالیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ بیجی کو آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس امام علی بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ لبیک یا رسول اللہ کے نام سے شروع ہونے والا آپریشن اپنے تمام اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
ہمارے نمائندے نے عراقی ذرائع کے حوالےسے بتایا ہے کہ عراق کی فوج اور مختلف عوامی ضاکار دستوں نے اس آپریشن کے تحت شہر بیجی کو آزاد کرانے کے بعد اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور صوبہ صلاح الدین کا ایک وسیع علاقہ داعش کے ‍وجود سے پاک کیا جاچکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کا علاقہ البوجواری بھی داعش سے پوری طرح پاک کردیا گیا ہے ۔

یہ علاقہ صوبہ صلاح الدین میں داعش کی اہم ترین پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا۔
الفرات نیوز کے مطابق عراقی افواج نے صوبہ صلاح الدین کے علاقے الصینیہ میں داعش کی بنائی ہوئی ایک جیل پر قبضہ کرکے ان تمام لوگوں کو آزاد کرالیا ہے جنہیں داعش نے عراق کے مختلف علاقوں سے اغوا کرکے اس جیل میں بند کررکھا تھا۔
الفرات کے مطابق صوبہ صلاح الدین میں جاری آپریشن لبیک یا رسول اللہ میں عراقی افواج نے پہلی بار بمباری کرنے والے ریموٹ کنٹرول ڈرون سے بھی کام لیا ہے جس کو عراقی حکومت نے حال ہی میں چین سے خریدا ہے۔
صوبہ صلاح الدین کو آزاد کرانے کے لئے آپریشن لبیک یا رسول اللہ کے دوسرے مرحلے میں عراقی افواج نے ایک بڑی اور وسیع سرنگ کابھی پتہ لگاکے اس کو پوری طرح اپنے کنٹرول میں لے لیا ۔یہ سرنگ مختلف علاقوں کو بیجی آئل ریفائنری سے جوڑتی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کے وزیر اعظم حید ر العبادی نے گزشتہ ہفتے آپریشن لبیک یا رسول اللہ، کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا فرمان جاری کیا تھا۔ اس آپریشن کا مقصد شہر بیجی اور پورے صوبہ صلاح الدین کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانا بتایا گیا تھا۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Saturday - 2018 Dec 15