Sunday - 2018 Oct. 21
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 88875
Published : 7/12/2015 18:20

مسلم امہ کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر ڈاکٹر لاریجانی کی تاکید

ایران کی پارلیمنٹ ، مجلس شورائے اسلامی کے سربراہ، ڈاکٹر علی لاریجانی نے مسلم امہ کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تہران میں لبنان کے وزیر خزانہ علی حسن خلیل سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے مسلم امہ کے درمیان اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی آشفتہ صورتحال نے اسلامی ملکوں کو نظریاتی کشمکش میں الجھا دیا ہے اور دشمن اس سے ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے فلسطین کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ مسجد الاقصی کو لاحق خطرات کو کم نہ سمجھا جائے۔

دہشت گردی کے پھیلاؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے کافی عرصہ پہلے ہی مغربی ملکوں کو دہشت گردی کے خطرات کی بابت خبردار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مغرب یہ سمجھ رہا تھا کہ دہشت گردی کو بطور ہتھکنڈا استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن دہشت گردی اب مغربی ملکوں تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ہتھیار فراہم کرنے والے ملکوں کو اپنی غلطی کا احساس ہوجانا چاہیے کیونکہ دہشت گردی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ تہران، صیہونی حکومت کے مقابلے میں لبنان کی حمایت کو اپنا فرض سمجھتا ہے اور ہر حال میں اپنے لبنانی بھائیوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔

لبنان کے وزیر خزانہ علی حسن خلیل نے اس موقع پر کہا کہ خطے کے تمام ملکوں میں ایران کا مقام بہت بلند ہے ، انہوں نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ایران کا مثبت کردار قابل تعریف ہے ۔ لبنان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ خطے میں ایران کے فعال کردار کی وجہ سے طاقت کا توازن تبدیل ہوگیا ہے اور صیہونی حکومت کی چولیں ہل کر رہ گئی ہیں۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Sunday - 2018 Oct. 21