Thursday - 2018 Dec 13
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 88975
Published : 8/12/2015 19:49

اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا آغاز

افغانستان میں قیام امن سے متعلق پانچویں بین الاقوامی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس منگل کو اسلام آباد میں شروع ہوگئی-

خارجہ امور میں پاکستانی وزیرا‏عظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ اسلام آباد افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کا خواہاں ہے - پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لئے اب تک جو کوششیں کی گئی ہیں وہ موثر رہی ہیں - ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے انعقاد کا مقصد افغانستان میں قیام امن اور تعمیر نو میں مدد دینا بتایا گیا ہے -

افغانستان میں جنگ و تشدد کا خاتمہ ، سیکورٹی اور امن و استحکام کی برقراری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے مسائل بھی اس دوروزہ کانفرنس میں زیربحث آنے والے موضوعات میں شامل ہیں-

منگل سے شروع ہونے والی کانفرنس میں ممبر ملکوں کےماہرین شریک ہیں جبکہ بدھ کوافغانستان کے صدر اشرف غنی اور پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف کی موجودگی میں وزرائے خارجہ کی کانفرنس شروع ہوگی -

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کانفرنس میں شرکت کے لئے منگل کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن سے متعلق پہلی کانفرنس دوہزارگیارہ میں استنبول میں ہوئی تھی - ایران، افغانستان ہندوستان ، پاکستان ، چین ، ترکی ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، تاجیکستان ، ترکمنستان، قزاقستان، جمہوریہ آذربائیجان قرقیزستان اور روس، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے ممبرممالک ہیں - اس سلسلے کی دوسری کانفرنس افغانستان میں، تیسری قزاقستان اور چوتھی کانفرنس چین میں ہوئی تھی-

اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس ایک ایسے وقت ہورہی ہے جب پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کشیدہ ہیں البتہ اس کے باوجود افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے صدراشرف غنی کے دورہ اسلام آباد کو حتمی شکل دی جاچکی ہے - افغانستان کا صدر بننے کے بعد اشرف غنی کا یہ دوسرا دورہ اسلام آباد ہوگا اس لئے ایسا خیال کیا جاتاہے کہ اسلام آباد میں جاری کانفرنس میں افغانستان اور پاکستان کے تعلقات کو بہتر بنانے،کشیدگی اور بے اعتمادی کو کم کرنے کے لئے اہم قدم اٹھائے جائیں گے -

دریں اثنا اس کانفرنس کی ایک خاص بات ہندوستانی وزیرخارجہ سشما سوراج کی اس میں شرکت ہے ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ سشما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے بدھ کو ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد کا دورہ کریں گی-

ہندوستانی وزیرخارجہ کا یہ دورہ نہ صرف افغانستان کے تعلق سے موثراور مفید واقع ہوگا بلکہ پاکستانی حکام کے ساتھ ہندوستانی وزیرخارجہ کی ملاقاتوں کے پیش نظر یہ دورہ دونوں ملکوں میں پائی جانےوالی کشیدگی کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتاہے - ہندوستانی وزیرخارجہ اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی وزیراعظم نوازشریف اور مشیرخارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کریں گی -


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Thursday - 2018 Dec 13