Tuesday - 2018 June 19
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 90386
Published : 1/1/2016 11:58

ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں فروغ آئے گا: قاضی خلیل اللہ

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں فروغ آئے گا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق قاضی خلیل اللہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ پاکستان کے مستحکم تعلقات اور قریبی تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں مزید فروغ آئے گا۔ قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور ہمیشہ اس بات کا اظہار کیا ہے کہ پابندیوں کے خاتمے سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں فروغ اور وسعت کے سلسلے میں اچھے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے استنبول شہر میں دہشت گرد گروہ داعش کے رکن دو پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کے بارے میں ترک ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں تفصیلات حاصل کرنے کے لئے ترکی میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان میں داعش گروہ کا وجود نہیں ہے اور پاکستانی سیکورٹی فورسز داعش کے ممکنہ خطروں سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

پاکستان کے دفترخارجہ ترجمان نے ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ مذاکرات میں تمام معاملات کو اٹھائے گا۔

قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاک ہند سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کی تاریخ طے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکریٹری مل کر جامع مذاکرات کا شیڈول طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی سے متعلق تمام معاملات کا جائزہ لیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک چاہتے ہیں کہ باہمی اختلافات اور تنازعات کو پرامن مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے رواں ماہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک نے کشمیر سمیت تمام دیرینہ مسائل پر جامع مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Tuesday - 2018 June 19