Sunday - 2018 july 22
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 90779
Published : 6/1/2016 9:26

ہندوستانی وزیر اعظم کا اپنے پاکستانی ھم منصب سے رابطہ

ہندوستان کے وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو فون کر کے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور ٹھوس کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

ہندوستانی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے وزیراعظم نریندرمودی نے پاکستانی وزیراعظم نوازشریف سے کہا ہے کہ حملے میں ملوث اور ذمہ دار سبھی مسلح تنظیموں اور انفرادی لوگوں کو فوری سزا دیں -

ہندوستانی وزیراعظم کے دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے سے متعلق اسلام آباد کو مخصوص اور قابل عمل اطلاعات و معلومات فراہم کردی ہیں - دوسری جانب پاکستانی وزیراعظم کے دفتر نے اس ٹیلی فونی رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے اس حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر نریندر مودی کو تعزیت پیش کی - پاکستانی وزیراعظم کے دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف نے ہندوستانی وزیراعظم کے بیانات میں ظاہر ہونے والی پختگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت ہندوستان سے ملنے والی معلومات پر کام کر رہی ہے- وزیراعظم پاکستان نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کو یقین دلایا کہ اسلام آباد معاملے کی تحقیقات کرے گا - انہوں نے نریندرمودی کو یاد دلایا کہ جب بھی دونوں ملکوں کی جانب سےامن کی کوشش شروع ہوتی ہے تو دہشت گردی کے ذریعے اسے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے - اس ٹیلی فونی گفتگو میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کا جواب باہمی تعاون اور خیرسگالی پر مبنی تعلقات ہیں -

دوسری جانب ہفتے کو پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے کے جواب میں شروع ہونے والا ہندوستانی فوج کا آپریشن منگل کو چوتھے روز بھی جاری رہا -

تاہم ہندوستانی وزیردفاع منوہرپاریکر نے دعوی کیا ہے کہ سیکورٹی فورس نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ کرنے والے چھٹے اور آخری دہشت گرد کو بھی ہلاک کر دیا ہے - ہندوستانی وزیردفاع نے البتہ یہ بھی کہا کہ ایئر بیس چونکہ ایک وسیع و عریض علاقے پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں کچھ مقامات پر جنگلات بھی ہیں اس لئے حملہ آوروں کو فوری طور پر نشانہ بنانے میں وقت لگا - ہندوستانی وزیردفاع نے اپنی انٹیلی جنس ایجنسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انٹیلی جنس میں کچھ خلا نظر نہیں آیا - ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہماری ایجنسی نے سیکورٹی کو خطرے میں ڈالاہے - دوسری جانب پٹھان کوٹ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنےوالے فوجی دستے کے ایک کمانڈر دشیانت سنگھ نے کہا کہ سبھی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے تاہم اتنے بڑے اور وسیع علاقے پر پھیلے ہوئے ایئربیس کی مکمل تلاشی میں وقت لگے گا-


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Sunday - 2018 july 22