Wed - 2018 Nov 21
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 90880
Published : 7/1/2016 16:26

عراق کے وزیر خارجہ کی صدر مملکت ڈاکٹر روحانی سے ملاقات

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ تہران، متحدہ عراق اور اس ملک کی ارضی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے دوست اور پڑوسی ملک کی حیثیت سے متحدہ عراق کا استحکام، ارضی سالمیت کا تحفظ اور اس ملک کی ترقی و پیشرفت، ایران کے لئے قابل ذکر اہمیت کی حامل ہے اور دونوں ممالک، اپنے دو طرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروع دینا چاہتے ہیں۔

صدر مملکت نے عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں اس ملک کی فوج، حکومت اور عوام کی جاری کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے سعودی عرب میں معروف عالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کو شہید کئے جانے سے متعلق اس ملک کی حکومت کے اقدام اور مواقف کو علاقے میں اختلاف و کشیدگی بڑھائے جانے کا آئینہ دار قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی، پڑوسی ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات، امن و استحکام اور علاقائی تعاون کو فروغ دیئے جانے پر استوار رہی ہے اور ایرانی حکام نے ہمیشہ اسی راہ میں قدم آگے بڑھایا ہے۔ ایران کے صدر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تہران، علاقے میں کبھی کشیدگی کے درپے نہیں رہا ہے اور اس نے علاقے کے ملکوں کے درمیان ہمیشہ دوستی و تعاون کو فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے، کہا کہ ایسی حالت میں کہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف مہم کے لئے تمام ملکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی، ماضی سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، کسی بھی طرح کا غیر منطقی، عجلت پسندانہ اور اشتعال انگیز اقدام، کشیدگی اور علاقے کے ملکوں کے لئے نقصان کا باعث بنے گا۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے عالم اسلام سے اختلافات دور کرنے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لئے ایران کے عزائم کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران نے علاقے میں کسی بھی ملک کے مفادات کے خلاف کبھی کوئی اقدام نہیں کیا ہے اور اس نے ہمیشہ منطق کی بنیاد پر اخوت و برادری، باہمی تعاون اور علاقائی قوموں اور عالم اسلام کے مفادات نیز علاقے کے استحکام کا تحفظ کئے جانے کے حوالے سے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

اس ملاقات میں عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے بھی تہران اور بغداد کے ہمہ جہتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ایران و عراق کے دو طرفہ، علاقائی و بین الاقوامی تعلقات و تعاون کی توسیع کے لئے دونوں ملکوں کے حکام کی جانب سے بھرپور کوششیں بروئے کار لائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ انھوں نے کہا کہ علاقے میں ایران کی پالیسی، ہمیشہ منطقی اصول پر پر استوار رہی ہے اور ایران کی یہ پالیسی اور مستحکم ڈپلومیسی، جو ہمیشہ صبر و شجاعت کے ہمراہ رہی ہے، قابل ستائش ہے۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Wed - 2018 Nov 21