Tuesday - 2018 Dec 11
Languages
دوستوں کو بھیجیں
News ID : 91697
Published : 18/1/2016 17:23

شامی فوج کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے

شام میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار دستوں کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق فوجی دستوں نے عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی مدد سے لاذقیہ کے شمال میں الکندیسیہ اور السکریہ نامی دیہی علاقوں کو دہشت گردوں سے واپس لے لیا ہے۔ شام کے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی افواج نے مذکورہ علاقوں کے اطراف کی پہاڑیوں کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار دستوں کے اس آپریشن میں درجنوں تکفیری دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق شامی افواج کے حملے میں جو دہشت گرد بچ گئے وہ مذکورہ دونوں دیہی علاقوں کو چھوڑ کر ترکی کی سرحد کی طرف بھاگ گئے۔ قابل ذکر ہے کہ شامی افواج کو یہ اہم کامیابی لاذقیہ کے شمال میں واقع سلمی سٹی، متعدد دیہی علاقوں اور اسٹریٹیجک اہمیت کی پہاڑیوں کی آزادی کے بعد چوبیس گھنٹے کے اندر حاصل ہوئی ہے۔ ایک اور رپورٹ میں شام کے عوامی ذرا‏ئع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہر ادلب کے مضافات میں فوج کے آپریشن میں کم سے کم تئیس دہشت گرد مارے گئے ہیں جن میں اکثریت کا تعلق ترکی اور سعودی عرب سے تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق ادلب کے جنوب میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے کفر سجنا اور کوہ اربعین کے علاقے میں جیش الفتح نامی تکفیری دہشت گرد گروہ کے خفیہ ٹھکانوں پر حملہ کر کے بہت سے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دوسری طرف تکفیری دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے فوج کے آپریشن میں اپنے بہت سے افراد کے مارے جانے کی اطلاع دی ہے۔


آپکی رائے



میرا تبصرہ ظاہر نہ کریں
تصویر امنیتی :
Tuesday - 2018 Dec 11